وزیر خزانہ کی فرانسیسی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اپنے فرانس دورے کے دوران پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے محفوظ اور موزوں ترین ملک قرار دے کر فرانس سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، اپنے فرانس کے حالیہ دورے کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فراسیسی تاجروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
وزیر خزانہ نے پیرس میں فرانسیسی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں گفتگو کے دوران وزیرخزانہ نے فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے ان کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے سامعین کو پاک چین اقتصادی راہداری کی تیزی سے ہوتی پیشرفت اور اس سے منسلک دیگر ترقیاتی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں امن و امان کی صورتحال گزشتہ سالوں کی نسبت کافی بہتر ہوچکی ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردی بھی تقریبا ختم ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ عرصے قبل اپنے ترکی دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی ترک اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں ترک تاجروں کو پاکستان میں کاروبار کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی تھی۔