اب یمنی فوج کا سعودی عرب کے خلاف رد عمل مختلف ہوگا، ترجمان یمنی مسلح افواج
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی بمباری کے خلاف رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے بعد سعودی جارحیت کے خلاف یمنی فوج کا رد عمل مختلف ہوگا، سعودی عرب کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان شرف غالب لقمان نے سعودی عرب کے جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملوں کے رد عمل میں کہا ہے کہ فاتحہ خوانی کی تقریب میں سعودی ظالمانہ حملوں کے بعد اب یمنی افواج کا رد عمل مختلف ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی اتحادی جنگی طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں عزاداری اور فاتحہ خوانی کے ایک بڑے اجتماع پر حملہ کرکے 700 افراد کو خاک وخوں میں غلطاں کیا ہے۔
سعودی اتحادی افواج یمنی گروہوں کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد جارحانہ کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے یمنی نہتے عوام کو زمین و آسمان سے بموں کا نشانہ بنارہے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی حملوں میں شہری آبادیوں کو زبردست نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں نہتے شہریوں سمیت عورتوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوگئی ہے۔