احتساب کے لئے 22 سال تک جدوجہد کی ہے، عمران خان
پاکستانی وزیر اعظم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے اجلاس سےخطاب کرتےہوئے کہا کہ ہم نے احتساب کے لئے 22 سال تک جدوجہد کی ہے.
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے فیصلے سے سچ سامنے آگیا، عوام کا پیسہ بے دردی سے لوٹا گیا.
انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل اب رکنے نہیں دیں گے، احتساب کا نظام مضبوط مؤثر اور شفاف بنائیں گے.
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غریب، غریب سے غریب تر ہوگئے، امیر بیرون ملک جائیدادیں بناتے رہے.
ان کا کہنا تھا کہ 10سال میں 24 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، بڑے قرضوں کے باوجود عوام کی حالت پرکوئی فرق نہیں پڑا، احتساب کاعمل ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے.
واضح رہے کہ اجلاس میں فواد چوہدری، افتخار درانی، عثمان ڈار، نعیم الحق، شیریں مزاری، شہریار آفریدی، شہزاد اکبر،علیم خان شریک ہوئے.
وزیراعظم عمران خان کا احتساب عدالت کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں زیرسماعت مقدمات پربھی بریفنگ دی گئی.
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنادیا گیا ہے، نواز شریف کو العزیزیہ میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کرکے جیل منتقل کیا گیا ہے.