تھر میں بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب


بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے لئے آج تھر پہنچ گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج تھر میں 330 میگاواٹ کے 2 تھر کول پاور پلانٹس کا افتتاح کردیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ و پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

بجلی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

تھرکول سے بننے والی بجلی کے 660 میگا واٹ بجلی گھروں سے بجلی کی تیاری کا آغاز ہوگا، ابتدائی طور پر دونوں پلانٹ سے 100، 100 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جب کہ جون تک بتدریج کمرشل بنیادوں پر مکمل بجلی کی ترسیل شروع ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی خورشید جمالی کا کہنا تھا کہ تھر میں 330 میگا واٹ بجلی گھر نے پیداوار شروع کردی اور 330 میگا واٹ کا ایک اور یونٹ چند دن میں پیداوار شروع کرے گا۔

واضح رہے کہ تھرکول منصوبے کا آغاز 2011 میں سندھ حکومت اور نجی کمپنیوں کے اشتراک سے ہوا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد 2020 تک دو ہزار میگاواٹ بجلی کی پیدوار شروع ہوجائے گی۔