افغانستان کے 100 ویں یوم آزادی کی تقریب میں 10 بم دھماکے


افغانستان کے 100 ویں یوم آزادی کی تقریب میں 10 بم دھماکے

افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہارمیں 100ویں یوم آزادی کی تقریب میں 10 بم دھماکے ہوئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں افغانستان کے 100 ویں یوم آزادی کی تقریب میں 10 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

افغانستان کی صوبائی حکومت کے نائب ترجمان نور احمد نے کہا کہ ننگر ہار کے دارالحکومت جلال آباد میں 10 دھماکے ہوئے ہیں، اکثر افراد کو معمولی زخم آئے جنہیں علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ تاہم بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

ذرائع کے مطابق جلال آباد میں واقع مارکیٹ کے قریب بم نصب تھے جہاں سیکڑوں افراد یوم آزادی کی تقریب میں شریک تھے۔

محکمہ صحت کے عہدیدار فہیم بشیری کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں 66 افراد زخمی ہوئے جن میں 20 بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تاحال حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل افغان دارالحکومت کابل میں شادی کی تقریب میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 63 افراد جاں بحق اور 182 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس افسوسناک واقعہ کے بعد صدر اشرف غنی نے 100ویں یوم آزادی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شادی کی تقریب میں خود کش حملے میں 63 افراد کی ہلاکت پر ہر شہری دل گرفتہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہمارا مقدر ہوگی اور اس واقعے کے بعد سے سو سالہ آزادی کی تقریبات ماند پڑگئی ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری