پاکستان میں پولیو کے مزید کیسز سامنے آگئے
پاکستان میں خیبرپختونخوا اور سندھ کے صوبوں میں پولیو کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق خیبرپختونخو میں پولیو کے مزید تین اور حیدرآباد میں دو کیسز سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مسعود سولنگی نے تصدیق کی ہے کہ لطیف آباد نمبر 11کی رہائشی دس سالہ بچی رباب فاطمہ اور ہالاناکہ کے رہائشی ایک سالہ محب اللہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں پولیو کے مزید تین کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی ہے جب کہ حیدرآباد سے بھی پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔
پولیو سے متعلق ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیو کے نئے کیسز میں ایک بنوں، ایک ہنگو اور ایک شمالی وزیر ستان سے سامنے آیا ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو سے متاثرہ بچوں میں ایک لڑکا اور دو لڑکیاں شامل ہیں جس کے بعد خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعدا د 44 ہوگئی ہے ۔
یاد رہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کی وجہ والدین کی جانب سے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کی صورت حال خطرناک ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد پچھلے 3 سال کے مجموعی پولیو کے مریضوں کی تعداد سے زیادہ ہو چکی ہے۔