پاکستان کا بھارت میں مسلم کش فسادات پر ایران کی مذمت کا خیر مقدم


پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے دلی میں مسلم کش فسادات پر ایرانی وزیرخارجہ کے مذمتی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مہذب معاشرہ یا ملک ایسے ظلم و ستم کی حمایت نہیں کرتا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اطلاعات و نشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جنہوں نے بھارتی مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مہذب معاشرہ یا ملک ایسے ظلم و ستم کی حمایت نہیں کرتا اور مغربی دنیا اور مسلمان ممالک کو نہتے بھارتی مسلمانوں کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دنیا بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں خصوصاً مسلمان برادری کی نسل کشی کی مذمت اور اس کے خلاف آواز اٹھانے میں متحد ہے۔

یاد رہے کہ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت میں مقیم مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ ان کا اپنے ٹوئیٹ پیغام میں کہنا تھا کہ ایران بھارتی مسلمانوں پر منظم تشدد کی مذمت کرتا ہے۔انہوں کا کہنا تھا کہ ایران صدیوں سے بھارت کا دوست ملک ہے جبکہ ایران اب بھارتی حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ تمام بھارتی شہریوں (خصوصاً مسلمانوں) کی سلامتی کی ضمانت دیں۔

انہوں نے لکھا کہ بھارتی حکمرانوں کو (ایک خاص گروہ کی طرف سے) لاقانونیت پر مبنی پرتشدد کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ مستقبل کی طرف سفر کی بنیاد پرامن مذاکرات اور قانون پر ہونی چاہیئے۔

 

دوسری جانب بھارت میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرکو وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کی جانب سےمسلم کش فسادات کے خلاف بیان دینے پر دفترخارجہ طلب کرکے احتجاج کیا ہے۔