پاکستان؛ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مزید اضافہ
مقامی ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان بھرمیں کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں میں مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 28843 ہوگئی ہے جبکہ 638 لوگ اس وائرس سے انتقال بھی کرگئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 48 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک ڈھائی ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس عرصے میں کورونا وائرس کا گراف پاکستان میں کم ہونے کے بجائے تیزی سے بڑھا ہے۔
اگرچہ اس عرصے میں مختلف پابندیوں سمیت جزوی لاک ڈاؤن بھی رہا لیکن پھر بھی کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک میں پہلے کیس سے لیکر 31 مارچ تک کورونا کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار تھی اور اس عرصے میں 8 اموات ہوئی تھیں۔
تاہم اپریل میں اس وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز اور اموات 385 تک جا پہنچی۔
تاہم مئی کا آغاز اس وائرس میں ایک نئی تیزی کے ساتھ ہوا اور 3 ہندسوں یعنی کچھ سو میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے۔
مئی کے ابتدائی 9 دن میں ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 28 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ اسی عرصے میں 250 سے زیاہ اموات کے بعد یہ تعداد 636 تک جا پہنچی۔
گزشتہ روز بھی ملک میں 1841 کیسز آئے جبکہ سندھ ملک کا واحد صوبہ بن گیا جہاں ایک روز میں ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔
آج (10 مئی) کو بھی پاکستان کے مختلف حصوں میں نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز اور ایک موت ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے لیے سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 32 کیسز سے متاثرین کی تعداد 641 تک پہنچ گئی۔
ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں مزید ایک فرد اس وائرس سے انتقال کرگیا جس کے بعد وہاں یہ تعداد 5 تک پہنچ گئی۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 9 نئے کیسز آئے اور وہاں متاثرین کی تعداد 421 سے بڑھ کر 430 ہوگئی۔
اس کے علاوہ وہاں ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی جس کے بعد اب تک وہاں اموات کی تعداد 4 تک پہنچ گئی ہے۔
علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 7 کیسز سامنے آگئے۔
ان نئے کیسز کے بعد ملک کا سب سے کم متاثر علاقے میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 79 سے بڑھ کر 86 ہوگئی۔
تاہم جو چیز اس صورتحال کے باوجود حوصلہ افزا ہے وہ مریضوں کا صحتیاب ہونا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید 214 مریض اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔
جس کے بعد اب تک ملک میں کورونا وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد 8023 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو مصدقہ کیسز کی تعداد 28843 ہے، جس میں سے 638 انتقال کرچکے ہیں جبکہ 8023 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح ابھی ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 20182 ہے۔
سندھ میں اس وائرس کے مصدقہ کیسز 10771 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 10471 ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 509 افراد وائرس سے متاثر ہیں تو بلوچستان میں یہ تعداد 1935 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں اب تک 641 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 430 اور آزاد کشمیر میں 86 لوگوں کو اس وبا نے اپنا شکار بنایا ہے۔