معروف عالم دین علامہ طالب جوہری انتقال کرگئے


معروف عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات خالق حقیقی سے جا ملے، مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر امروہہ گراونڈ میں ادا کی جائے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات انتقال کر گئے۔

وہ کچھ عرصے سے دل اور ہائپوگلیسیمیا کے مرض میں مبتلا تھے اور انہیں حال ہی میں کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں وہ 81 برس کی عمر میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

علامہ طالب جوہری کی نمازجنازہ امروہہ گراونڈ میں بعد آج نمازظہرین انچولی میں ادا کی جائے گی، مرحوم کی تدفین سپرہائی وے پر واقع وادی حسین قبرستان میں کی جائے گی۔

علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939 کو پٹنہ ( بھارت )میں پیدا ہوئے۔ اپنے مخصوص انداز، لہجے اور خطابت کے باعث ایک الگ مقام اور احترام رکھتے تھے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔

علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور پاکستان سے باہر دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔

علامہ طالب جوہری کو حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی دینی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے وہ تفسیر قرآن (احسن الحدیث) کے علاوہ حدیث کربلا، عقلیات معاصر اور علامات ظہور مہدی جیسی کئی دیگر کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔