علامہ طالب جوہری کا انتقال ملت اسلامیہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان ہے، مذہبی و سیاسی رہنما


پاکستان کے مختلف مذہبی اور سیاسی اکابرین نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملت اسلامیہ کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، علامہ طالب جوہری کے انتقال پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی،علامہ رضی جعفر نقوی،علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ ناظر عباس تقوی،علامہ باقر حسین زیدی،شبر رضا،یعقوب شہباز،محمد اسلم، نیئر علی اورعسکری دیو جانی نے برِ صغیرکی ممتاز علمی، دینی شخصیت،نامور خطیب علامہ طالب جوہری کی وفات پر افسوس اور رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عہد تھا جو ختم ہوگیا۔

واضح رہے کہ مرحوم طالب جوہری کی ذہانت، فطانت اور خطابت کا اعتراف عمومی و خصوصی حلقوں کے علاوہ تمام مسالک، اعلیٰ سرکاری حلقوں میں بھی کیا جاتا تھا۔

 علامہ طالب جوہری کے انتقال سے بلا شبہ وہ علمی خلاء پیدا ہوا ہے جو مدتوں پُر نہ ہو سکے گا علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مولانا عون نقوی،جی ڈی کے رہنما سردار رحیم، مسلم لیگ کے سید غوث علی شاہ پی ٹی آئی کے ٓآفتاب صدیقی، خرم شیر زمان، سینئر سیاست دان ضیا عباس، جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی، عوامی حمایت تحریک کے چیئرمین مولوی اقبال حیدر ایڈووکیٹ، نادرا کے ایس ایم افسر جعفری جعفریہ ٹرسٹ کے لخت حسنین زیدی و دیگر نے بھی علامہ طالب جوہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لئے نا قابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔