شمالی افغانستان میں طالبان کا حملہ، 13 سیکیورٹی اہلکار ہلاک


سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ صوبہ قندوز میں طالبان کے حملے میں 13 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ  کہ آج صبح طالبان نے صوبہ قندوز کے ضلع  شنواری میں ایک سیکیورٹی چک پوسٹ پر حملہ کیا۔

 ذرائع نے مزید بتایا کہ اس حملے میں نو پولیس اہلکار اور چار فوجی جوان ہلاک اور چھ پولیس اہلکاروں سمیت 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

نامعلوم ذرائع نے ''طلوع نیوز''  کو نام فاش نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے طالبان حملوں کا بھرپور جواب دیا اور3 گھنٹوں کے بعد جھڑپیں ختم ہوگئیں۔

دوسری طرف طالبان کے ترجمان ''ذبیح اللہ مجاہد'' نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے میں آٹھ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں اور ان جھڑپوں میں طالبان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔