مقبوضہ جموں و کشمیر میں عیدالاضحی کے موقع پر بھارت کی پابندیاں عائد، پاکستان کی شدید مذمت


نماز پر پابندیوں کا نفاذ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کے جذبات کے مکمل عدم احترام کا عکاس ہے۔

اسلام آباد: (تسنیم نیوز ایجنسی) : پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے عیدالاضحی کی نماز کے موقع پر پابندیاں عائد کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ اسلامی سال کے انتہائی اہم ایام میں نماز پر پابندیوں کا نفاذ بھارتی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور پر زیرتسلط جموں وکشمیر کے مسلمانوں کے جذبات کے مکمل عدم احترام کا عکاس ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام کرونا وائرس سے متعلقہ پابندیوں کو غیر قانونی طور پر زیرتسلط جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو کچلنے کے بہانے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری' اقوام متحدہ' انسانی حقوق اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی قوانین اور کنونشنز کی خلاف ورزیوں،  مذہبی حقوق اور انسانی آزادیوں کے مکمل انکار کا نوٹس لیں۔