مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز پر پابندی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس کا مطالبہ


مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز پر پابندی، پاکستان کا اقوام متحدہ سے نوٹس کا مطالبہ

پاکستان نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں عید کی نماز پر پابندی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی پر نماز کی پابندی، عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اس بات کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بحیرہ ہند کو جوہری ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے، بھارتی اقدامات اقلیتوں کیلئے خطرناک ہیں اور بی جے پی کی ہندو توا ایجنڈے کی حکومت خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے رافیل طیاروں کی خریداری کی خبریں دیکھی ہیں، یہ طیارے جدید سسٹم سے لیس ہیں، بھارت جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہے اور دنیا میں ہتھیاروں کا سب سے بڑا امپورٹر بن گیا ہے، پاکستان اس تمام تر صورتحال سے آگاہ ہے اور ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغان طالبان کے سیز فائر اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات ہورہے ہیں، افغانستان میں دونوں اطراف کو قیدیوں کے تبادلے سمیت اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔

بھارت جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سوال کے جواب میں عائشہ فاروقی نے کہا کہ کلبھوشن کو تیسری قونصلر رسائی کی پیش کش پر بھارت کا تاحال جواب نہیں آیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری