طالبان کے حملے میں افغان فوج کے 20 اہلکار ہلاک، دسیوں گاڑیاں تباہ
طالبان نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرکے 20 اہلکاروں کو ہلاک اور دسیوں گاڑیوں کوتباہ کردیا ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے مسلح افراد نے صوبہ فاریاب میں فورسز کی دسیوں گاڑیوں کو آگ لگادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان نے صوبہ فاریاب میں افغان فوج کی کانوائے پر حملہ کرکے 40 قیمتی بکتربند گاڑیوں کو آگ لگا کرتباہ کردیاہے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ فوجی قافلہ صوبہ بلخ سے فاریاب کی جانب رواں دواں تھا راستے میں طالبان کے مسلح افراد نے روک کرتمام گاڑیوں کو آگ لگادی۔
افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان اور فوج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں جانی نقصان بھی ہوا ہے تاہم تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری طرف طالبان کا کہنا ہے کہ حملے میں 40 گاڑیاں تباہ اور کم ازکم 20 فوجی ہلاک اور 30 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ افغان وزارت دفاع کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔