بارشوں نے بھارت اور نیپال میں تباہی مچا دی، درجنوں ہلاکتیں


بارشوں نے بھارت اور نیپال میں تباہی مچا دی، درجنوں ہلاکتیں

مون سون بارشوں نے قیامت برپا کردی ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں بھارت اور نیپال میں مجموعی طور پر 53 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جنوب ایشیائی ملکوں میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس کے سبب بھارت میں 34 جبکہ نیپال میں 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیپال کے مختلف حصوں میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 27 افراد ہلاک،11 زخمی اور 15 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

کٹھ منڈو کی شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں اور نہروں میں طغیانی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاستوں آسام، آروناچل پردیش، یوپی اور بہار میں بھی موسلا دھار بارشیں جاری ہیں۔ جہاں اب تک 34 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارتی ریاست آسام میں کرنٹ لگنے اور تودے گرنے سے 11 ہلاکتیں ہوئیں، جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ آسام اور اروناچل میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ریاست بہار بھی سیلاب کی زد میں ہے۔ حکام کے مطابق کئی اضلاع میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اسکول بند کرکے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ مغربی بنگال میں بھی سیلاب کی صورت حال ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ریاست آسام میں سیلاب سے 700 دیہاتوں کے 8 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مہاراشٹرا میں مون سون کی بارشوں اور پانی کی طغیانی کے باعث ڈیم کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک جبکہ 30 کے قریب لاپتہ ہو گئے تھے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری