سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست، بانی کرکٹ عالمی کپ کا فاتح بن گیا
بانی کرکٹ اور ورلڈ کپ 2019 کا میزبان انگلینڈ اعصاب شکن مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دیکر پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا فائنل میچ برابر ہونے کے باعث سپر اوور پر پہنچ گیا تھا جس میں دونوں ٹیموں کے مابین ایک بار پھر میچ برابر ہوگیا جس پر میچ میں زیادہ باؤنڈریاں لگانے پر انگلینڈ کو عالمی چیمپیئن قرار دے دیا گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے میچ اور سپر اوور میں مجموعی طور پر 26 باﺅنڈریز سکور کیں جو نیوزی لینڈ کی اننگ سے زیادہ تھیں اور یوں بانی کرکٹ اور ورلڈ کپ 2019 کے میزبان انگلینڈ نے میدان مار لیا۔
واضح رہے کہ کیوی ٹیم کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 241 رنز بناسکی تھی۔
انگلش ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے ابتدائی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بننے دیا۔
جس کے بعد انگلش بلے باز اسٹوکس نے اگلی گیند پر شاندار چکھا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے، چوتھی گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے اوور تھرو کی وجہ سے انگلش ٹیم کو 6 رنز مل گئے اور نیوزی لینڈ شائقین کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دیں تاہم پانچویں گیند پر 2 رنز لینے کی کوشش میں عادل رشید رن آؤٹ ہوئے۔
میچ کی آخری گیند پر انگلینڈ کا آخری کھلاڑی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگیا اور یوں میچ برابر ہوگیا۔
ورلڈ کپ 2019 کے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا فائنل میچ برابر ہونے کے باعث سپر اوور پر پہنچ گیا تھا جس میں دونوں ٹیموں کے مابین ایک بار پھر میچ برابر ہوگیا جس پر میچ میں زیادہ باؤنڈریاں لگانے پر انگلینڈ کو عالمی چیمپیئن قرار دے دیا گیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے میچ اور سپر اوور میں مجموعی طور پر 26 باﺅنڈریز سکور کیں جو نیوزی لینڈ کی اننگ سے زیادہ تھیں۔
فاتح ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ہم نے آج کا میچ کھیلنے کے لیے چار سال محنت کی ہے۔ میچ وننگ اننگز کھیلے پر بین اسٹوک فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔