نیب کا شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ


نیب کا شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ

قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے اثاثے منجمند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز کی وجہ سے کیا گیا جن کی تحقیقات کے دوران شہباز شریف تسلی بخش جوابات نہ دے پائے۔ اسی طرح شہباز شریف کی جانب سے ٹرانزیکشنز کی تمام تر تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کے اثاثے عارضی طور پر منجمند ہوں گے۔

تاہم جب تک شہباز شریف اپنی جائیداد سے متعلق نیب کو مطمئن نہیں کرپائیں گے تب تک یہ اثاثے منجمد ہی رہیں گے۔

نیب نے اثاثے منجمند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے جبکہ ریونیو، ایکسائز اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کو بھی اس حوالے سے جلد خط بھیجوا دیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ حمزہ شہباز، نصرت شہباز، سلمان شہباز اور دیگر اہلخانہ کے اثاثوں کو منجمد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب میاں شہباز شریف نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان، معاون خصوصی شہزاد اکبر اور ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ ضرور دائر کروں گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈیلی میل اسٹوری کے حوالے سے میرے وکلاء نے برطانیہ میں اپنا مقدمہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی قانونی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی ہے۔ قانونی ٹیم برطانیہ میں وکلا سے مشاورت کرے گی جس کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ شہباز شریف برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

جبکہ معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف جانتے ہیں ان کا موقف جھوٹ کا پلندا ہے، مجھے یقین ہے شہبازشریف برطانیہ میں عدالت نہیں جائیں گے۔

ادھر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر پر شہباز شریف کو چیلنج ہے کہ وہ میرے خلاف لندن کی عدالت میں کیس کریں، لندن کی عدالت میں شہباز شریف کی کرپشن کا ایک ایک ثبوت پیش کروں گا۔

یاد رہے کہ دو دن قبل برطانوی اخبار نے شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ پر الزام عائد کیا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے زلزلہ زدگان کو دی گئی 500 ملین پاؤنڈز کی امداد میں سے لاکھوں پاؤنڈز چرا کر اپنے اکائونٹس میں ڈلوائے تاہم شہباز شریف اور ان کے خاندان نے اس الزام کو یکسر رد کیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری