چین کا پاکستان میں 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان


چین کا پاکستان میں 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے اس وقت معروف ترین چینی کمپنی ہواوے اس سال پاکستان میں تقریبا 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبول چینی کمپنی ہواوے نے اس سال پاکستان میں تقریبا 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی مخدوم خسرو بختیاراور ہواوے کے نائب صدر کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد وزارت منصوبہ بندی وترقی کی طرف سے جاری اعلامیے میں سامنے آئی ہے۔
مخدوم خسرو بختیار نے کہاہے کہ ہواوے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں تعاون کر سکتی ہے اور یہ کمپنی اسلام اباد میں 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کریگی۔
مخدوم خسرو بختیار نے پاکستان میں ہواوے کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی میں کارآمد ثابت ہر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ہواوے گروپ کے وائس پریذیڈنٹ مارک شو مین سے ملاقات میں کہی۔ اس ملاقات میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اس بات کو سراہا کہ پاکستان کی موبائل کی صنعت میں ہواوے کا 25 فیصد حصہ ہے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی چینی کمپنی ہے۔
وفاقی وزیر نے سمارٹ اسکول پراجیکٹ کے سلسلے میں ہواوے کمپنی کی ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہواوے حکومت پاکستان کے ای گورننس کے نظام کے لیے مدد فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہواوے پاکستان میں آئی ٹی کے چھوٹے منصوبوں میں سرمایہ کاری کر کے نوجوانوں کو فائدہ دے سکتی ہے۔
ہواوے کے نائب صدر نے کہا کہ پاکستان ایک اہم اسٹریٹجک مارکیٹ ہے اور کمپنی اس سال تقریبا 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہواوے 55 ملین ڈالرز کی لاگت سے اسلام اباد میں ایک علاقائی ہیڈ کوارٹر قائم کریگی جس سے پاکستان میں نوجوان انجینئیرز کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہواوے پاکستان میں اپنے تیکنیکی معاونت سنٹر میں 15 ملین ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کرے گا اور اس سے مزید 200 افراد کو روزگار مہیا ہو گا ۔ نائب صدر نے کہا کہ ہواوے پاکستان میں مستقبل میں مزید منصوبے بھی شروع کرے گا۔
وفاقی وزیر اسلام آباد میں ہواوے گروپ کے وائس پریذیڈنٹ مارک شو مین سے ملاقات کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چین کی 55 سے زاٗد کمپنیوں کے سربراہان نے عمران خان سے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر مختلف صنعتوں اور شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی چینی کمپنیوں کے سربراہان کی جانب سے پاکستان میں آئندہ تین سے پانچ سال میں پانچ ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری