قبائلی اضلاع کے انتخابات میں تحریک انصاف اور آزاد امیدوار کامیاب قرار


قبائلی اضلاع کے انتخابات میں تحریک انصاف اور آزاد امیدوار کامیاب قرار

قبائلی اضلاع میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی 16 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق انتخابات میں تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔
پانچ پانچ نشستوں پر تحریک انصاف اور آزاد امیدوار، جب کہ جے یو آئی (ف)، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئے ہیں۔
ضلع باجوڑ سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے 2 میں تحریک انصاف کامیاب رہی جب کہ ایک پر جماعت اسلامی نے میدان مار لیا۔
مہمند پی کے 103 پر اے این پی کے نثار مہمند کامیاب قرار پائے جب کہ پی ٹی آئی کے رحیم شاہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
مہمند سے ہی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 پر آزاد امیدوار ملک عباس کامیاب ہوئے ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) کے عارف حقانی دوسرے اور تحریک انصاف کے سجاد مہمند تیسرے نمبر پر رہے۔
ضلع خیبر سے صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں اور تینوں پر ہی آزاد امیدوار کامیاب قرار پائیے ہیں۔
پی کے 108 ضلع کرم میں جے یو آئی (ف) کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اترنے والے محمد ریاض شاہین نے کامیابی حاصل کی۔ آزاد امیدوار ملک جمیل خان دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 109 کرم 2 سے پی ٹی آئی کے اقبال میاں نے میدان مار لیا جبکہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 110 اورکزئی سے آزاد امیدوار سابق غازی عزن جمال اورکزئی کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے شعیب حسن دوسرے نمبر پر آئے۔ عزن جمال سابق وفاقی وزیر جی جی جمال اورکزئی کے فرزند ہیں۔
پی کے 111 شمالی وزیرستان سے پی ٹی آئی کے محمد اقبال خان کامیاب ہوئے جب کہ جے یو آئی (ف) کے سمیع الدین دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں کے علاوہ خواتین اور اقلیتوں کے لئے بھی 5 نشستیں مختص ہیں، جن میں عام نشستوں میں کامیابی تناسب کے اعتبار سے دی جائیں گی۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کیلئے پہلے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قبائلی عوام کومبارکباد دی ہے۔
شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ یہ مقام حاصل کر نے کیلئے قبائلی عوام ایک طویل و صبر آزما دور سے گزرے ہیں۔ امید ہے اب قبائلی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان نے بھی ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پر امن انتخابات پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب انتخابات پر الیکشن کمیشن اور تمام متعلقہ ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ قبائلی علاقہ جات میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابات تاریخی کارنامہ ہے۔
اسی حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ قبائلی علاقوں میں انتخابات کا کامیابی سے انعقاد امن اور جمہوریت کی فتح ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے نئے منتخب نمائندے علاقے کی ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی بحالی کے لیے مسلح افواج اور سول اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری