پاکستان میں ذرائع ابلاغ امریکا اور برطانیہ سے زیادہ آزاد ہیں، وزیراعظم
پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی میڈیا برطانوی اور امریکی میڈیا سے بھی زیادہ آزاد ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 70، 80 چینلز ہیں صرف 3 یا 4 کو شکایت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کبھی کبھار آؤٹ آف کنٹرول بھی ہوجاتا ہے، برطانیہ میں بھی میڈیا جو چیزیں نہیں چھاپ سکتا، وہ پاکستانی میڈیا نشرکرتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ٹی وی پر بیٹھا شخص پاکستانی وزیراعظم کے بارے میں بولتا ہےکہ کل اسے طلاق ہوجائے گی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ میڈیا کو حکومت سے نہیں قانونی اور عدالتی طریقوں سے میڈیا واچ ڈاگ کے ذریعے کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ 2001ء کے بعد ملک میں فری اور انڈیپینڈنٹ میڈیا آنے کا سب سے زیادہ فائدہ بھی ہمیں ہوا، ورنہ ایک سرکاری ٹی وی تھا جو حکومت کے کنٹرول میں تھا۔