عمران خان کی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات


عمران خان کی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے امریکا سے وطن واپسی کے دوران دوحہ میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر سے ملاقات کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکا سے وطن واپسی کے دوران دوحہ میں اپنے مختصر قیام کے دوران قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر نےعمران خان کا حَمَد ائیرپورٹ پر استقبال کیا جس کے بعد قطری وزیراعظم نے عمران خان کو اپنی رہائشگاہ پر بھی مدعو کیا جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم کے اعزاز میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر الثانی نے عشائیہ بھی دیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے برادر ملکوں کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف امور پر بات چیت کی۔
علاوہ ازیں پاکستان اور قطر کا زراعت، سیاحت و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہوا بازی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
اس موقع پرعبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری اور سیکریٹری خارجہ بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔
یاد رہے کہ امریکا روانگی کے موقع پر بھی دوحہ ائیرپورٹ پر وزیراعظم عمران خان سے قطر ائیرویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان اپنے 3 روزہ پہلے سرکاری امریکی دورے سے پاکستان لوٹ رہے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری