بھارت کی ایل او سی پر فائرنگ، ایک شہری شہید؛ پاک فوج کی جوابی کارروائی، 3 بھارتی فوجی ہلاک


بھارت کی ایل او سی پر فائرنگ، ایک شہری شہید؛ پاک فوج کی جوابی کارروائی، 3 بھارتی فوجی ہلاک

بھارتی فوج نے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 26 سالہ شہری نعمان شہید ہوگیا جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی، 3 بھارتی فوجی مارے گئے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے خبر ہے کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر ڈنہ، ڈھڈنیال، جوڑا، لیپاکی سیکٹرز میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے شاردہ اور شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 26 سالہ شہری نعمان شہید اور خواتین و بچوں سمیت 9 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جس سے کئی چوکیوں کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی فوج شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کررہی ہے کس سے بےگناہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 24 جولائی کو لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج بھی کیا تھا تاہم بھارت نے اس احتجاج کا جواب پاکستانی شہری کا مزید خون بہا کر دے دیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری