نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے، خطبہ حج


نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے، خطبہ حج

سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین کی منیٰ سے میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیا جا رہا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق گزشتہ روز منیٰ میں قیام کے بعد عازمین آج صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات میں جمع ہیں جہاں وہ حج کا رکن اعظم یعنی وقوف عرفہ ادا کر رہے ہیں۔
وقوف عرفہ کے دوران مسجد نمرہ میں الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ حج کا خطبہ دے رہے ہیں جس کے بعد نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی جائے گی۔
الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کوتقویٰ کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ نماز قائم کریں، جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اسے دنیا اور آخرت کے خوف سے نجات دلاتا ہے۔ مسجد نمرہ کے امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی توحید اور وحدانیت کو مضبوطی سے پکڑنا چاہئے۔ نجات کا راستہ صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے میں ہے۔ اللہ نے قرآن میں فرمایا جدا جدا راستے نہ اختیار کئے جائیں۔ امام الشیخ محمد بن حسن آل الشیخ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے۔ اللہ نے قرآن میں فرمایا کہ آج کے دن ہم نے دین مکمل کردیا۔

واضح رہے کہ عازمین حج غروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشاء ایک ساتھ ادا کریں گے، عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے پھر قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری