باران زحمت؛ خیبر پختونخوا میں 12، کراچی میں 5 افراد جاں بحق


باران زحمت؛ خیبر پختونخوا میں 12، کراچی میں 5 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا اور کراچی میں حالیہ بارشوں سے مجموعی طور پر 17 افراد کو اپنی زندگی سے ہاتھ دھونے پڑے جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق خیبر پختونخوا اور کراچی میں حالیہ بارشیں باران زحمت بن گئی۔ مختلف واقعات میں 17 زندگیوں کے چراغ گل ہوگئے۔

پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب کراچی میں مون سون کی دوسری جھڑی میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق ہوئے، کرنٹ لگنے کے واقعات اورنگی ٹاؤن، سولجر بازار، منگھوپیر اور کورنگی میں پیش آئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے قربانی کی غرض سے خریدے گئے 7 جانور بھی ہلاک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی، سرجانی، شارع فیصل، ائیرپورٹ، ڈالمیا، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ماڈل کالونی اور گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
بارش کے باعث لیاقت آباد سی ون ایریا، نارتھ ناظم آباد، طارق بن زیاد سوسائٹی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، شادمان ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، پہلوان گوٹھ، صفورا گوٹھ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ بارش کے موسم میں احتیاط برتیں۔ اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں، اسی طرح برقی آلات کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔
ٹھٹھہ اور گردونواح میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کا سامان خراب ہو گیا۔ ادھرایئرپورٹ کارگو ایریا میں پانی بھرنے سے سامان پانی میں ڈوب گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایئرپورٹ روڈ پر 120 ملی میٹر،لانڈھی میں 115 ملی میٹر،شارع فیصل کے اطراف 100،سرجانی ٹاؤن میں 72 ملی میٹر ،میٹ آبزرویٹری سٹیشن کے اطراف 107 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف مسرور بیس کے اطراف بھی 100ملی میٹرسے زائد بارش ہوئی جس سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
خیال رہے کہ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق آج اتوار کو بھی شدید بارش ہو سکتی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری