ڈاون گریڈنگ؛ بھارتی ہائی کمشنر نے پاکستان چھوڑ دیا
پاکستان کی جانب سے ملک چھوڑنے کی ہدایت پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ بھارت واپس چلے گئے۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے بعد پاکستان نے بھارت سے تجارت معطل اور سفارتی تعلقات محدود کرنے یعنی ڈاون گریڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اسی حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے کے بعد پاکستان نے باضابطہ طور پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے پاکستان چھوڑ دیا ہے اور وہ اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی کے راستے بھارت چلے گئے ہیں۔
بعض ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت جانا تھا تاہم وہ پرواز کے ذریعے واپس اپنے ملک بھارت چلے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرکاری طور پر تیسری مرتبہ اور مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ ڈاؤن گریڈنگ کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
1965 اور 1971 کی جنگ اور کشیدگی کے وقت دونوں ممالک نے اپنے ہائی کمیشن بند کر دیئے تھے۔
1999 میں کارگل کی لڑائی کے وقت بھارت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات ڈاؤن گریڈ کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو واپس بھجوایا تو پاکستان نے بھی جوابی قدم اٹھایا۔
اسی طرح 2001 میں بھی بھارتی پارلیمنٹ میں حملے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی ڈاؤن گریڈنگ ہوئی۔
جبکہ حال ہی میں پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت نے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلایا اور دو ماہ بعد واپس پاکستان بھیجا۔ جوابی طور پر پاکستان نے بھی اپنا ہائی کمشنر واپس بلا لیا تھا تاہم اس کو ڈاؤن گریڈنگ کا نام نہیں دیا گیا تھا۔
یہ امر قابیل ذکر ہے کہ ڈاؤن گریڈنگ سے دو ممالک کے سفارتی تعلقات ختم نہیں ہوتے بلکہ محدود ہو جاتے ہیں اور اگر اسے عام فہم الفاظ میں بیان کیا جائے تو سفارت کاری کو ایک درجہ نیچے کر دیا جاتا ہے۔