امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی کرائی جائے،علامہ ناظرعباس
شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کا اجلاس صوبائی دفتر میں صوبائی صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے موقع پر سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ شدید مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہیں شہر بھر میں جلوس ہائے عزا کے راستوں میں اور امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف گندگی اورکچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ عوام کو بے وقوف بنانے کے بجائے اپنا قبلہ درست کریں اور مسائل حل کریں کراچی بھر میں امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف سیوریج کا گندہ پانی کھڑا ہے،کچرےکا ڈھیر لگا ہوا ہے لائٹس کا مناسب انتظام نہیں ہے گڑھوں کی بھرمارہے، سڑکوں کی استر کاری کا مسئلہ تاحال برقرار ہے۔
انہوں نے کہا سندھ حکومت اور شہری حکومت مل کرعوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں صوبائی و شہری حکومتیں ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرنے کے بجائے عوامی مسائل حل کریں۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں کراچی سمیت سندھ بھر میں شیعہ علما و ذاکرین کو خصوصی طور پر بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے۔