مودی ٹھہرے ایک اور ایوارڈ کے مستحق


مودی ٹھہرے ایک اور ایوارڈ کے مستحق

متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اب بل گیٹس سے بھی ایوارڈ وصول کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت میں حفظان صحت کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی وزیراعظم کو یہ ایوارڈ ان کے 'صاف بھارت مشن' پروگرام کی بناء پر دے رہا ہے جس کے تحت بھارت بھر میں لاکھوں ٹوائلٹس بنائے گئے ہیں۔

فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ صفائی لوگوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کیلئے سب سے اہم عنصر ہے، صاف بھارت مشن سے قبل بھارت میں 50 کروڑ لوگوں کو صفائی کی بہتر سہولتیں میسر نہیں تھیں لیکن اب اکثریت کو یہ سہولت حاصل ہے لہذا اس خدمت کی بنا پر بھارتی وزیراعظم ایوارڈ کے مستحق ہیں۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کے اعلان پر امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی فلاحی تنظیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے جنوبی ایشیا و امریکی دانشوروں، وکلاء اور سماجی کارکنوں کی جانب سے ایک پٹیشن فائل کی گئی ہے جس میں گیٹس فاؤنڈیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیوں کہ جس شخص کو وہ ایوارڈ دینا چاہتے ہیں اس کے دور حکومت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ 'ایک ایسے شخص کو انسانیت کا ایوارڈ دینا سمجھ سے بالاتر ہے جسے گجرات کے قصاب کے نام سے جانا جاتا ہے'۔

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ مودی کو ایوارڈ دینے کا اس سے بدتر وقت نہیں ہوسکتا کیوں کہ ایک جانب بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے تو دوسری طرف ریاست آسام میں تقریباً 20 لاکھ لوگوں کو شہریت سے محروم کردیا گیا ہے۔

اب تک مذکورہ پٹیشنپر تقریباً ایک لاکھ افراد دستخط کرچکے ہیں۔

تاہم گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ وہ نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کے فیصلے پر قائم ہے کیوں کہ یہ اس کے اقوام متحدہ کے مستحکم ترقیاتی مقاصد حاصل کرنے کے مہم کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی مودی کو سول ایوارڈز سے نوازا تھا جس پر پاکستان سمیت کئی ممالک کی سول سوسائیٹیز کی جانب سے خاصی تنقید کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ گذشتہ 5 سالوں میں 6 مسلم ممالک بحرین، متحدہ عرب امارات، فلسطین، افغانستان، سعودی عرب اور مالدیپ، بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈز سے نواز چکے ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری