آصف زرداری اور نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی جارہی ہے، فضل الرحمن
سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو سی پیک کی سزا دی جارہی ہے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عوام کو صرف ایک ماہ انتظار کرنا ہوگا پھر آئین اور جمہوریت کے مطابق تبدیلی آئے گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ نے ملکی سیاسی جمود کو توڑا ہے، عوام کی قوت نے بتادیا ناجائز حکومت کو کوئی سہارا نہیں دے سکتا، اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں وزیراعظم استعفیٰ دیں اور فوج کے بغیر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کے بغیر کوئی دوسرا راستہ حکومت کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کو سی پیک کی سزا دی جارہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کے حوالے سے قانون بنانے میں کوئی حرج نہیں، یہ حکومت جعلی ہے اور یہ اہم قانون سازی ہے لہذا اس حکومت میں یہ کام نہیں ہونا چاہیے، اگر یہ ناجائز حکومت اس پر قانون سازی کرے تو پاک آرمی کے سربراہ متنازعہ ہو جائیں گے۔