عمران خان کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے توبہترتھا، ترک صدر


عمران خان کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے توبہترتھا، ترک صدر

ترک صدر رجب طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ اچھا ہوتا اگر ترتیب شدہ پروگرام کے تحت عمران خان کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترک صدر طیب اردوغان نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مستقبل میں پاک ترک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک کے تعلقات میں مسلسل بہتری آرہی ہے جب کہ باہمی تجارت کا حجم اور اسٹریٹجک شراکت داری کے لحاظ سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک امور پر بات کے لیے فروری میں پاکستان کا دورہ کروں گا جب کہ عمران خان اہم وجہ کے سبب کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اچھا ہوتا اگر ترتیب شدہ پروگرام کے تحت عمران خان کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کرتے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتر محمد کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے پیر کو فون پر وزیراعظم مہاتر محمد سے معذرت کی کہ وہ اس کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

یہ کانفرنس 18 سے 21 دسمبر کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والی ہے۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا ہے۔

خیال رہے کہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 18 سے 20 دسمبر تک ہونے والی کانفرنس میں اسلامی جمہوریہ ایران ترکی، اور قطر کی قیادت کے علاوہ کئی دیگر اسلامی ملکوں کے رہنما شرکت کریں گے۔

بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد اس کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ترکی اور میلیشیا نے کشمیرکے مسئلے پر کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا تھا جبکہ محمد بن سلمان نے بھارتی وزیراعظم کو اس ملک کا سب سے بڑا سیول ایوارڈ دے کر کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کی تھی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری