قائد اعظمؒ کے پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے اچھے اور برے کی تمیز کو یقینی بنایا جائے، علامہ ساجد نقوی
علامہ سید ساجد علی نقوی کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر کہنا تھا کہ قائد اعظم ؒ کے افکار و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو بانی پاکستان نے پایہ تکمیل تک پہنچایا اس کی سالمیت اور بقا کے لئے ملک کے تمام طبقات پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
علامہ ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ یہی مشاہدہ سامنے آیا ہے کہ عوامی طبقات نے غربت‘ افلاس‘ تنگدستی اور دیگر مسائل و مشکلات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی و تحفظ کے لئے کماحقہ اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور قربانیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اِس نازک مرحلے میں حکمرانوں اور ذمہ داران طبقات کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عرصہ دراز سے طبقاتی تفاوت‘ عدم مساوات‘ عدل و انصاف کا فقدان چلا آرہا ہے جس کا بنیادی سبب ذمہ دار طبقات کے غیر سنجیدہ اقدامات سمیت اپنے فرائض منصبی کو صحیح انداز میں انجام نہ دینا ہے جس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط‘ مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے لازم ہے کہ ذمہ دار طبقات اچھے اور برے کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے سے بگاڑ‘ انتشار اور انارکی کا خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ظالم و مظلوم ‘ قاتل و مقتول‘ دہشت گرد و امن پسند میں فرق کئے بغیر توازن کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا رہ کر کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا خواب شرمندہء تعبیر نہیں ہوسکتا۔
علامہ ساجد نقوی نے 25 دسمبر کرسمس کے تہوار کے موقع پر تمام مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اِس امر کی ہے کہ ملک کی اِن اقلیتوں کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیازی سلوک کا احساس نہ ہونے دیا جائے اور ہر حال میں اُن کے بنیادی اور انسانی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، کرسمس کے تہوار پر تمام مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔