چین اور روس نے جنرل سلیمانی پرامریکی حملے کی مذمت کردی


چین اور روس نے جنرل سلیمانی پرامریکی حملے کی مذمت کردی

جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت پر چین اور روس نے امریکا کی شدید مذمت کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے ہمیشہ بین الاقوامی معاملات میں طاقت کے استعمال کی مخالفت کی ہے، چین نے امریکی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی سے بچنے کے لیے امریکا تحمل سے کام لے۔

چینی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ عراق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے جب کہ مشرق وسطی اور خلیجی علاقے میں امن و استحکام برقرار رہنا چاہیے۔

ادھر روس نے جنرل سلیمانی پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی ہے، روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایرانی جنرل پر حملے سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

دوسری جانب شام نے بھی ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر شدید الفاظ میں امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے باعث کشیدگی میں اضافہ ہوگا جب کہ عراق میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

واضح رہے کہ آج صبح عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد شہید ہوگئے تھے۔

 راکٹ حملے میں حشد الشعبی کے کمانڈرابومہدی المہندس بھی شہید ہوگئے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری