ادلب؛ شامی فوج کی کارروائی میں 33 ترک اہلکار مارے گئے


ادلب؛ شامی فوج کی کارروائی میں 33 ترک اہلکار مارے گئے

شام کے صوبے ادلب میں شامی فضائیہ کی کارروائی میں 33 ترکی فوجی ہلاک ہوگئے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، ادلب کے گورنر نے شامی فضائیہ کی جانب سے فضائی کارروائی میں 33 ترک فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

حالیہ ہفتوں میں ترکی کی جانب سے ادلب میں ہزاروں فوجی تعینات کرنے کے بعد یہ ایک دن میں ترک فوجیوں کی ہلاکت کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ شامی افواج کی کارروائی میں کئی ترک فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شامی فضائیہ کی کارروائی پر رد عمل میں ترکی نے خبردار کیا ہےکہ شام میں اسے اپنے تمام اہداف کا علم ہے جب کہ ترکی نے بعد میں شامی فوجیوں اور حکومتی اہداف پر انتقامی کارروائی کی۔

ادلب میں ترک فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ترک صدر طیب اردوان نے اہم سیکیورٹی اجلاس طلب کیا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔

اجلاس کے بعد ترک وزیر دفاع اور عسکری حکام فوری طور پر شامی فوج کے خلاف کارروائی کی ہدایت کے لیے شامی سرحد پر روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی شام میں موجود تکفیری دہشت گردوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری