پاکستان؛ امریکا اور سعودی عرب سے آنے والی دو خواتین میں کرونا وائرس کی تصدیق


پاکستان؛ امریکا اور سعودی عرب سے آنے والی دو خواتین میں کرونا وائرس کی تصدیق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور شہر قائد کراچی میں کورونا وائرس کے مزید ایک ایک کیس سامنے آگئے۔

 تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں ایک خاتون کے ٹیسٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ متاثرہ خاتون امریکا سے آئی ہیں اور انہیں پمز اسپتال کے آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ 
ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق کراچی میں بھی ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ 
خاتون کراچی کی رہائشی ہیں اور 6 مارچ کو سعودی عرب سے وطن واپس لوٹی ہیں، انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
 سعودی عرب سے واپسی پر کراچی ائیرپورٹ پر معائنے کے دوران ان میں کورونا وائرس کا شبہ ہوا اور مزید ٹیسٹس میں اس بیماری کی تصدیق ہوگئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی جن میں سے 2 افراد صحت یاب ہوکر گھر چلے گئے اور 14 زیرِ علاج ہیں۔

وزارت صحت و ریگولیشن نے پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ تین افراد مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کے سب سے زیادہ 13 کیسز سندھ میں ہیں، بلوچستان میں 6 ،اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 مریض ہیں۔ 
زیادہ تر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور تاحال کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے۔
 لاہور، اسلام آباد اورکراچی کے سوا تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں بہت سی عوامی و معاشی سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئی ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری