تفتان سے مزید 757 افراد سکھر قرنطینہ سینٹر پہنچادیے گئے


تفتان سے مزید 757 افراد سکھر قرنطینہ سینٹر پہنچادیے گئے

تفتان سے مزید 757 افراد کو سکھر کے قرنطینہ سینٹر پہنچادیا گیا ہے جس کے بعد وہاں افراد کی تعداد 1050 ہوگئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، سکھر میں قائم قرنطینہ کیئر سینٹر میں پولیس اور رینجرز کی نفری بڑھا کر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر تفتان کے قرنطینہ سینٹر میں رکھے گئے افراد میں سے خواتین اور بچوں سمیت 757 افراد کو سخت سیکیورٹی میں 18 بسوں کے ذریعے سکھر کے قرنطینہ سینٹر پہنچادیا گیا۔

تمام افراد کو اتارنے کے بعد بسوں پر اسپرے بھی کیا گیا، لیبر کالونی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں پہلے سے 293 افراد موجود ہیں۔

قرنطینہ سینٹر میں سکھر انتظامیہ کی جانب سے 500 سے فلیٹس میں ایک ہزار افراد کے رکھنے کے انتظام کیا گیا تھا، تاہم اب مزید افراد کے لیے بھی انتظامات کیے جارہے ہیں۔

لیبر کالونی میں 1500 سے زائد فلیٹس ہیں اور ہر فلیٹ میں دو کمرے ہیں، ایک کمرے میں ایک شخص کو رکھا جارہا ہے۔

تفتان سے بڑی تعداد میں اتنے لوگ پہنچنے پر قرنطینہ سینٹر کی سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کردیے گئے ہیں۔

14 مارچ کو سکھر لائے گئے 293 افراد میں سے 143 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری