عراق؛ الانبارمیں تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، متعدد دہشت گرد ہلاک
عراقی سرکاری فوج اورعوامی رضاکارفورسز نے صوبہ الانبارمیں امریکا اور اسرائیل کے حمایت یافتہ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، الانبار میں الحشد الشعبی کے کمانڈر احمد نصراللہ کا کہنا ہے کہ عوامی رضاکار فورسز نے سرکاری فوج کی مدد سے مغربی الانبارکے متعدد علاقوں میں کامیاب سرچ آپریشن کے بعد متعدد علاقوں کو تکفیریوں سے آزاد کرالیاہے۔
انہوں نے کہا کہ حوران، الحسینیات، الملصی، الکعره، الحکوم و ام اللوز، العجرمیات و العودیان الثلاثه اور عود النسر میں تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
نصراللہ کا کہناہے کہ شرپسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران 5داعشی دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک خود کش بمبارنے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔
نصراللہ کا کہناہے کہ حشد الشعبی کے جوانوں نے تکفیری دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں غیرملکی اسلحہ بھی تحویل میں لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ صلاح الدین میں بھی تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں تکفیری دہشت گردوں کو امریکا، اسرائیل اور بعض خلیجی ممالک کی خفیہ حمایت حاصل ہے۔