افغان امن معاہدہ؛ مزید سینکڑوں طالبان قیدی رہا کرنے کا حکم
افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے مختلف جیلوں سے سینکڑوں طالبان قیدیوں کی رہائی کی خبر دی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، افغان صدارتی ہاوس کے ترجمان صدیق صدیقی نے کہا کہ گزشتہ دو روز کے دوران اشرف غنی کی حکومت نے اس ملک کی مختلف جیلوں سے 710 طالبان قیدیوں کو رہا کیاہے۔
قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان نے قندوز، بلخ لوگر،پکتیا اور خوست میں قید 73 افغان فوجیوں کو رہا کیا ہے۔
افغان حکومت نے گزشتہ ہفتے کے دوران دو مرحلوں میں اب تک 2000 سے زائد طالبان قیدیوں جبکہ طالبان نے اب تک افغان سکیورٹی فورسز کے 350 اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔
امریکا نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔