علامہ طالب جوہری کراچی میں سپردخاک:صدر، وزیراعظم‘ آرمی چیف‘ شہباز شریف کا افسوس
معروف ذاکر اورعالم دین علامہ طالب جوہری کی نمازِ جنازہ انچولی امام بارگاہ کے قریب امروہہ گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں سیاسی رہنما، علما کرام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف ‘عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
مرحوم کی تدفین طالب جوہری لائبریری نیو رضویہ سوسائٹی میں کی گئی۔
واضح رہے کہ وہ طویل عرصہ سے علیل‘ دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ ان کی نماز جنازہ علامہ مصطفیٰ وزیری نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کے بعد علامہ طالب جوہری کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وزیر اطلاعات شبلی فراز‘ سینیٹر رحمان ملک اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور دیگر نے بھی مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ ملک بھر کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے علامہ طالب جوہری کی علمی اور دینی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
علامہ طالب جوہری کے انتقال پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ علامہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا ناممکن ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی علامہ طالب جوہری کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی، وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنور نوید جمیل، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان، آفتاب صدیقی، پی ایس پی رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیراحمد، ڈاکٹرفاروق ستار، علامہ شہنشاہ نقوی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری، تحفظ عزاداری کونسل کے چیئرمین آغا رحیم نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے معروف عالم دین اور مقرر علامہ طالب جوہری کی رحلت پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ علامہ طالب جوہری قرآن اور دین کی تشریح کا منفرد انداز رکھتے تھے۔ وہ ایک دلنشین اور صاحب اسلوب مقرر، مفسر، مصنف اور شاعر تھے۔
شہبازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے، پسماندگان کو صبرجمیل دے۔