کراچی؛ درجنوں شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار ہوا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، ایس آئی یو نے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا، ملزم شکیل شہر میں قتل کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ مع ایمونیشن اور دستی بم برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ شکیل نامی ملزم شہر میں قتل کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر ایس آئی یو نے بتایا ہے کہ ملزم شکیل عرف ہڈی ایم کیو ایم لندن کے ڈیتھ اسکواڈ کا سرگرم کارکن ہے، گرفتار ملزم کے ساتھیوں میں اجمل عرف پہاڑی، سعید عرف بھرم ، دانش عرف ماما ، عمر عرف ملا ، ذیشان عرف دادا اور 32 دیگر ٹارگٹ کلرز شامل ہیں۔
ملزم کے خلاف دہشت گردی اور قتل سمیت دیگر نوعیت کے درجنوں مقدمات شہر بھر کے تھانوں میں درج ہیں، جب کہ ملزم کے خلاف اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے حکم پر ساتھیوں کی مدد سے کراچی میں انویسٹی گیشن افسر، پولیس اہلکار، قطر اسپتال کے ایم ایل او اور تاجروں سمیت لسانی، مذہبی ، سیاسی اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ایس او یو کے مطابق گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے 2011 میں پیر آباد تھانے کی انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر علیم شاہ اور اورنگی ٹاؤن تھانے میں تعینات پولیس اہلکار کانسٹیبل رانا سہیل کو شہید کیا، ملزم عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان پر قاتلانہ حملے اور شاہ فیصل کالونی کے انچارج نبی خان سمیت درجنوں کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے میں ملوث ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا تھا کہ ملزم شکیل نے اورنگی ٹاؤن میں واقعے قطر اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر محمد عرفان کو بھی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے اور تھانہ اورنگی ٹاون کے علاقے میں ایم کیو ایم حقیقی کے آصف ملنگ کو ان کی رہائش گاہ میں بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے، جب کہ ملزم آستانہ خالد بابا میں بھی آتشزدگی کا ذمہ دار ہے، جس میں 3 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
ملزم سے برآمد کیے جانے والا اسلحہ فارنزک لیبارٹری روانہ کیا جا رہا ہے، جب کہ مزید سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں رینجرز نے 3 ملزمان وسیع اللہ، محمد فاضل اور محمد رضوان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا تھا، تینوں ملزمان کا تعلق بھی ایم کیو ایم (لندن) سے تھا اور ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ ان کا تعلق ایم کیو ایم لندن وجیہ کی ٹیم سے ہے جو ایم کیو ایم لندن سے احکامات وصول کرکے کراچی میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہا تھا۔