مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری، ایک جوان شہید
کشمیری ذرائع کا کہنا ہے کہ جنت نظیروادی میں بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ بدستورجاری ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
تسنیم خبررساں ادارے نے کشمیری ذرائع کے حوالےسے خبر دی ہے کہ جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا اور داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے مریضوں کو بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
بھارتی فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔
کشمیری ذرائع نے خبر دی ہے کہ لواحقین اپنے پیارے کی لاش کے لیے منتیں کرتے رہے لیکن بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے لاش حوالے کرنے سے انکار کردیا۔
دریں اثنا اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ سے بھارتی فوج اور کشمیری پولیس پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے اپنی جارحانہ کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں، گزشتہ ماہ 54 نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔