آرمینیا اپنی فوجی کارروائی فوری بند کرے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر شیلنگ کی شدید مذمت


آرمینیا اپنی فوجی کارروائی فوری بند کرے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر شیلنگ کی شدید مذمت

پاکستان نے آذربائیجان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے آرمینیا سے فوجی کارروائی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو نگورنوکاراباخ میں کشیدگی پر تشویش ہے، پاکستان نے آذربائیجان کے موقف کی حمایت کا اعادہ کرلیا ہے۔

آذربائیجان اور آرمینیا میں جھڑپوں پر بیان دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ کھڑا ہے اور انکے دفاع کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو نگورنوکاراباخ ریجن میں سلامتی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، پاکستان آرمینیا افواج کی آذربائیجان کی شہری آبادی پر شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ اس پورے خطے کا امن و سلامتی داو پر لگ سکتا ہے، کشیدگی میں خاتمے کےلیے آرمینیا اپنی فوجی کارروائی فوری بند کرے، وگرنہ پاکستان آذربائیجان کیساتھ کھڑا ہے، انکے دفاع کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نگورنوکاراباخ پر آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان 12 جولائی سے نگورنوکاراباخ میں کشیدگی جاری ہے تاہم گزشتہ شب سے دونوں ممالک کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں دونوں اطراف کے لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری