عراق؛ اربعین حسینی؛ زائرین کو نشانہ بنانے کا ناپاک منصوبہ ناکام، 2خودکش بمبار گرفتار
عراقی سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عزاداران امام حسین علیہ السلام کو نشانہ بنانے کا خطرناک منصوبہ ناکام بنا دیا گیاہے۔
عراقی آرمڈ فورس کمانڈ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ بغداد میں اربعین مارچ کے شرکا کو نشانہ بنانے کے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔
عراقی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ رسول نے گذشتہ رات ایک بیان میں کہا کہ انسداد دہشت گردی فورسز نے شمالی بغداد میں زائرین امام حسین علیہ السلام کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے تکفیری دہشت گردوں کا خطرناک منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2 خودکش بمبار زائرین امام حسین علیہ السلام پر حملے کے لئے تیار تھے۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دونوں خودکش بمبار گرفتار کرلئے گئے ہیں۔