اپوزیشن کی تحریک اور ریلیوں کا مقصدملک میں انتشار پھیلانا ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک ریاست مخالف ایجنڈے کا حصہ ہے
تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اپوزیشن کی تحریک اور ریلیوں کو ریاست مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی جمہوری روایت اجازت نہیں دیتی کہ اس کے اداروں کی عزت کو پامال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کے لیے بیرون ملک سے ریاست مخالف پروپیگنڈے کی ترویج کر رہے ہیں، یہ ریاست مخالف ایجنڈا صرف ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم کےاجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں تحریک کے پہلے جلسہ عام کا اعلان کیا تھا جسے بعد میں ملتوی کردیا گیا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت 11 جماعتیں شامل ہیں جب کہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں۔