بھارتی مظالم کی انتہا، درجنوں نہتے کشمیری گرفتار
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی انتہا ہوگئی، سرچ آپریشن کے نام پر درجنوں کشمیریوں کو گرفتارکرلیا۔
تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر شوپیاں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاک ویلنسیا مہرجمشید کا کہنا ہے کہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، عالمی برادری حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی مدد کرے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں فائرنگ کرکے 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے اسیر شہریوں کے لیے سال 2018 بھی نامہرباں رہا، ایک سال میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔