نیب کا اگلا قدم؛ شہباز شریف خاندان کے 150 بینک اکاؤنٹ منجمد
قومی احتساب بیورو(نیب) کے حکم پرشہبازشریف خاندان کے مختلف بنکوں میں لگ بھگ ڈیڑھ سو اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکم پرشہبازشریف اور ان کے خاندان کے مختلف بنکوں میں موجود قریبا 150 اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق منجمد کیے گئے بینک اکاؤنٹس میں شہبازشریف سمیت انکے بیٹے حمزہ اورسلمان شہباز کے اکاونٹس بھی شامل ہیں۔
نیب کی جانب سے رابعہ عمران، مہرانساء اور نصرت شہباز سمیت عائشہ ہارون کے اکاونٹس بھی منجمد کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز کی وجہ سے کیا گیا جن کی تحقیقات کے دوران شہباز شریف تسلی بخش جوابات نہیں دے پائے اور ترسیلات زر کی تمام تر تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ جلد ریونیو، ایکسائز اور دیگر متعلقہ مالیاتی اداروں کو بھی اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لیے خط بھیجوا دیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کے اثاثے عارضی طور پر منجمد کروائے جائیں گے اور جب تک سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنی جائیداد سے متعلق نیب کو مطمئن نہیں کرتے تب تک یہ اثاثے منجمد رہیں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل قومی احتسب بیورو (نیب) نے شہبازشریف اور ان کے خاندان کی جائیدادیں اور گاڑیاں منجمد کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ نیب نے تمام اثاثوں کی منتقلی یا فروخت روکنے کے لیے ایل ڈی اے، ڈی ایچ اے، ایکسائز، جی ڈی اے اور ڈی سی ہری پور کو خطوط بھی لکھ دیے ہیں۔
نیب نے یہ دعویٰ کیا کہ دوران تفتیش میاں شہباز شریف کی بیویوں اور بیٹیوں کی مختلف علاقوں میں جائیدار کے بارے میں سراغ ملا ہے۔
نیب نے مراسلے میں نیب آرڈیننس کی دفعات کا حوالہ دیا اور زور دیا کہ تحقیقات مکمل ہونے تک شہباز شریف اور ان کے خاندان کے افراد کی پراپرٹیز کسی دوسرے کے نام منتقلی نہ کی جائے۔
اسی حوالے سے نیب نے محکمہ ایکسائز کو سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے نام گاڑیوں کی منتقلی روکنے کیلئے بھی خط لکھا ہے اور محکمہ ایکسائز کے حکام کو پابند کیا کہ وہ کسی فرد کے نام گاڑیاں منتقل نہ کی جائیں۔