مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستان کا بھارت کے حامی، روس سے ٹیلیفونک رابطہ


مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستان کا بھارت کے حامی، روس سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سے آگاہ کیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابط میں کہا کہ بھارت، غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے یہ یک طرفہ اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین کے بھی صریحاً منافی ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے، کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اور تکالیف سے آگاہ کیا۔

انہوں کا کہنا تھا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی جارحیت اور جبر، خطے کے امن و امان کو مزید خرابی کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے روسی وزیر خارجہ کو، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کے بارے میں بھی بتایا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور بھارت کے غیرآئینی اقدامات کے پیش نظر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے ہندوستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ وادی کے آرٹیکل 370 کے خاتمے پر روس نے کہا تھا  کہ نئی دہلی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کا اقدام بھارتی آئین کے تحت کیا گیا ہے۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری