پاکستان اور ایران کا کرونا کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے مابین ٹیلیفونک گفتگو میں کرونا کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ایران میں کرونا وائرس سے ہونے والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےایران کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کرونا وائرس کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایران کی بھرپور مدد اور اس سے تعاون کررہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے دارالحکومت دلی میں مسلمانوں کے خلاف مظالم کو اجاگر کرنے اور اس قتل عام کی مذمت کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔