سعودی عرب سے آنے والی کرونا وائرس کا شکار خاتون کی شادی میں شرکت متعدد افراد متاثر
صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والی کرونا وائرس کا شکار خاتون کراچی میں ایک شادی پر چلی گئیں جہاں موجود 12لوگوں میں ان کی وجہ سے وائرس پھیلا
تسنیم خبررساں ادارے کےمطابق، صوبائی وزیر سعید غنی نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ کرونا وائرس کے خطرے کو سنجیدگی سے لیں کیونکہ یہ بہت خطرناک وائرس ہے۔
ان کا کہنا ہے کراچی میں مقامی سطح پر کرونا وائرس پھیلنے سے 40لوگ متاثر ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک لوگ اس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔
نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون سعودی عرب سے آئیں جنہیں کرونا وائرس تھا وہ کراچی میں ایک شادی پر چلی گئیں جہاں موجود 12لوگوں میں ان کی وجہ سے وائرس پھیلا۔
سعید غنی نے کہا کہ کرونا وائرس کا پھیلاﺅ کنٹرول کرنے کے لیے لاک ڈاون ضروری ہے کیونکہ آج نسبتاً متاثرہ لوگوں کی تعداد کم ہے لیکن اگر دو مہینے بعد شہروں کو لاک ڈاون کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو اس وقت تک یہ وائرس بہت تباہی مچا چکا ہوگا۔