کورونا وائرس کے روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی، اسد عمر


کورونا وائرس کے روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اپریل کے آخر تک کورونا وائرس کے روزانہ 25ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے ٹیسٹنگ بنیادی اہمیت رکھتی ہے اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ  پہلے 700سے 800 ٹیسٹ روزانہ کیے جارہے تھے اور اب اسے2 ہزار یومیہ کرلیا گیا ہے، گزشتہ روز 3 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔ مزید ٹیسٹنگ مشینیں لائی جارہی ہیں۔ حکومت نے ہدف متعین کیا ہے کہ اپریل کے آخرتک روزانہ 25 ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے ذریعے 1 کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک 12 ہزار روپے پہنچانے کی تیاری کرلی گئی ہے اور 9 اپریل سے 40 لاکھ خاندانوں تک 16 ہزار 923 تقسیم کے پوانٹس کے ذریعے رقم کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان صوبوں کو دیا جارہا تھا تاہم جمعرات سے وفاق یہ سامان اور آلات براہ راست ہسپتالوں تک پہنچائے گا۔ اس کے لیے ملک کے ایسے 400 ہسپتالوں کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں وینٹی لیٹر دستیاب ہیں ، ان میں 153 ایسے ہسپتال بھی شامل ہیں جہاں پانچ سے زیادہ وینٹی لیٹر موجود ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبوں کے بعض نمائندوں کی جانب سے شکایت کی جارہی ہے کہ وفاق انہیں فنڈز فراہم نہیں کررہا۔ یہ واضح رہنا چاہیے کہ وفاق طبی عملے کو سامان کی فراہمی، ایک کروڑ سے زائد خاندانوں کی مالی معاونت اور یوٹیلیٹی اسٹورز وغیرہ کے ذریعے ہی مدد کرے گا براہ راست رقوم فراہم نہیں کی جائیں گی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری