ایرانی صدر کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال


ایرانی صدر کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے ترک ہم منصب اردوغان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے بہت سارے ملکوں کو مسائل و مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکی نے یہ ثابت کردیا کہ وہ مشکل صورتحال میں ایک دوسرے کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ترکی سے باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں صحت کے رہنما اصولوں کی مکمل پابندی کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تجارتی تعلقات کے سلسلے کو جاری رکھنا ہوگا۔
صدر روحانی نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے اچھے تجربات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ترکی سے ان تجربات کو شیئر کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے اس مشکل صورتحال کے دوران ایران مخالف امریکی پابندیوں کے تسلسل اور ساتھ ہی آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی درخواست پر امریکہ کی مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل صورتحال کے دوران، تمام ممالک کو امریکہ کے غیر انسانی دباؤ کے خلاف واضح موقف اختیار کرنا چاہئیے۔
انہوں نے ترکی، روس اور ایران کے سربراہوں کے درمیان آستانہ امن عمل کے فریم روک کے اندر مذاکرات کے تسلسل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو شام اور علاقے میں قیام امن و استحکام برقرار کرنے کی کوشش کرنی ہوگی۔
در این اثنا ترک صدر رجب طیب اردوغان نےآستانہ امن عمل کے فریم ورک کے اندر ایران، روس اور ترکی کے سربراہوں کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کے انقعاد کی تجویز دیتے ہوئے آستانہ امن عمل کے فریم ورک میں تینوں ممالک کے معاہدوں پرعمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیا اور ساتھ ہی جنگ بندی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی کوشش کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری