بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری


بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی غیرملکی پرواز او وی 1325 کے ذریعے 170 مسافر وطن واپس پہنچے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، عمان سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی ہے۔

 تمام مسافروں کو مخصوص ہوٹلز اور ضلعی انتظامیہ کے قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ٹیسٹوں کے نمونے حاصل کرکے لیب بھجوائے جائیں گے اور رپورٹ منفی آنے پر مسافروں کو گھر جانے کی اجازت ہوگی۔

بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سیدھا قرنطینہ مرکز منتقل کیا جاتا ہے۔ نجی یا سرکاری قرنطینہ مرکز میں قیام کا انتخاب مسافر حضرات خود کر سکتے ہیں۔

قرنطینہ مرکز میں چوبیس گھنٹوں کے دوران این آئی ایچ مسافروں کے تشخیصی ٹیسٹ کے نمونے حاصل کرتا ہے اور نتیجہ منفی آنے کی صورت میں مسافر کو گھر جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مسافر کو قرنطینہ مرکز میں ہی قیام کرنا ہو گا۔ مریض سرکاری یا پرائیوٹ اسپتال کا انتخاب اپنی مرضی سے کر سکتا ہے۔

پرائیویٹ ہسپتال کے اتنخاب کی صورت میں مریض اخراجات خود برداشت کرے گا۔ مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی مد میں پانچ سو روپے ادا کرنا ہوں گے۔

حکومت کی پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔

دوسری ترجیح وہ پاکستانی ہیں جن کے ویزے ایکسپائرہو چکے ہیں۔ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبہ کوواپس لانا ہے۔

حکومت نے بیرون ملک کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں پاکستان لانے کی اجازت بھی دے رکھی ہے۔ میتیں پاکستان منتقلی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایس اوپیز پرعملدرآمد لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

 میت کی فضائی منتقلی کیلئےسیل کردہ تابوت لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری